وزیراعظم سے ایرانی وزیر صنعت کی ملاقات؛ سرحدی تجارت بڑھانے، لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی پر اتفاق

26

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے بہترین ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا، خطے میں پائیدار امن کے قیام اور پاکستان اور ایران کے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت کے مزید فروغ کے حوالے سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے حال ہی میں اچھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ مسلسل کوششوں سے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کیا جائے گا، تجارت، بالخصوص خوراک اور زرعی اجناس و مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ اور 24 گھنٹے بارڈر کھلا رکھنے کے لیے سہولیات بڑھانے، بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کان کنی کے شعبے، خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں