مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق تھانہ منگھوپیر کی حدود اجتماع گاہ روڈ پر پولیس کا مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان حمزہ ولد مقبول اور ابرار ولد کامران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی۔ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل تھانہ گلشن اقبال کے علاقے سے چوری شدہ نکلی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فرار ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے فقیرہ گوٹھ میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد حمزہ ولد عمر خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، موبائل فون، موٹرسائیکل اور نقدی برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پولیس گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کررہی ہے۔









