پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کی طرح صوبہ ، خصوصا کوئٹہ شہر کے عوام اس وقت شدید مشکلات، معاشی دبا اور اذیت ناک حالات سے گزر رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ مہنگائی کے اس بے قابو طوفان نے معاشرے کے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
روزمرہ استعمال کی اشیا، ٹرانسپورٹ، ادویات، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کو شدید پریشانی، اضطراب اور بے بسی میں مبتلا کر دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کوئٹہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں گیس پریشر کی مسلسل کمی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس بندش نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
سخت موسمی حالات میں گیس کی عدم دستیابی نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ ہوٹلوں، نانبائیوں، دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقے کے لیے بھی شدید نقصان کا باعث بن رہی ہے، جو حکومتی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری طرف بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے ان کی زندگی مزید دشوار بنا دی ہے۔
عوام مہنگے داموں اشیائے ضروریہ خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ گیس، بجلی اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی نے روزمرہ زندگی کے معمولات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے عوام دشمن اقدامات اور بنیادی سہولیات کی مسلسل عدم فراہمی کے خلاف بھرپور عوامی ردعمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 17 اپریل بروز جمعہ شام چار بجے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔
اس احتجاجی مظاہرے میں عوامی مسائل کے حل، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی، گیس کی بلا تعطل فراہمی، مہنگائی کے خاتمے اور شہری مسائل کے حل کے مطالبات زور و شور سے اٹھائے جائیں گے۔ پارٹی قیادت نے کوئٹہ کے تمام شہریوں، تاجروں، مزدوروں، طلبہ، وکلا، صحافیوں، سرکاری و نجی ملازمین، خواتین، نوجوانوں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ایک مضبوط، متحد اور توانا آواز کے ذریعے حکمرانوں تک عوام کے جائز مطالبات پہنچائے جا سکیں۔
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں خاموشی مزید مسائل کو جنم دے گی، لہذا عوام کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ اگر حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری، سنجیدہ اور عملی اقدامات نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور ہر سطح پر بھرپور جمہوری احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور حکومت پر عائد ہوگی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر حال میں عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی









