ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین کے جلوس کے روٹ پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جلوس کی سیکورٹی پر ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیںچہلم کے جلوس کے روٹ کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیکیورٹی کے پیش نظر سیل کر دیا گیا ہے، شہری پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
یہ بات انہوں نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ضیاء الحق مندوخیل نے کہا کہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر پولیس، اے ٹی ایف، بی ڈی ایس، لیڈیز پولیس، اسنائپرز، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ تعیناتی عمل میں لائی جائے گی،جلوس کے روٹ پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سخت چیکنگ اور مسلسل نگرانی کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل نے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر جلوس کے روٹ پر آنے سے گریز کریں متبادل راستے اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پولیس چہلم کے موقع پر امن و امان کے قیام اور عزاداروں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، شہریوں کا تعاون کامیاب سیکیورٹی کا ضامن ہے۔









