ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
پشاور میں بیس کلو آٹے کا تھیلا چند دنوں میں 200 روپے مہنگا ہو کر 2,650 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ پرچون مارکیٹ میں فی کلو آٹا 10 روپے اضافے کے بعد 140 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ڈیلرز نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی کو قرار دیا ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں بھی بیس کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہو کر 2,500 روپے تک پہنچ گیا، اور پچاس کلو کی بوری کی قیمت میں 500 روپے اضافہ ہونے سے یہ 6,250 روپے ہو گئی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ ضلع بندی پر پابندیاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم نئے سال کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مہنگائی کے اثرات کم ہو سکتے ہیں۔









