وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں 37 دہشت گردوں کا خاتمہ بڑی کامیابی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قوم کے عزم کی عکاس ہیں۔ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں سے امن دشمن عناصر کی صلاحیتوں کو مؤثر نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشت گرد عناصر کو بلوچستان کے عوام کی زندگیوں اور ترقی کے عمل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔ بلوچستان میں پائیدار امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاستی ادارے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔









