سپریم کورٹ میں دائر دیوانی مقدمات سے متعلق جسٹس محمد علی مظہر نے تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ انصاف کا ترازو نہ تو خودکار طور پر مقدمہ خارج کرنے کے حق میں جھکتا ہے اور نہ ہی خودکار طور پر مقدمے کی بحالی کے حق میں،عدالتوں کو محض جلد فیصلے کرنے کی خاطر عجلت میں فیصلے نہیں کیے جانے چاہئیں۔
جسٹس محمد علی مظہر کے تحریر کردہ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حیرت انگیز طور پر دیوانی کیس 2016سے زیر التوا رہا لیکن اسکی ذمہ داری درخواست گزار یا اس کے وکیل پر ڈالنے کے لیے کوئی سابقہ ریکارڈ بھی موجود نہیں،جب وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوتا تو عدالت اپنے صوابدیدی تحت مقدمہ عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر سکتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر وکیل پیشہ ورانہ ذمہ داری کا احساس نہیں رکھتا تو اس کا نقصان موٴکل کو اٹھانا پڑتا ہے، موٴکل کو بھی چوکس رہنا چاہیے اور اپنے مقدمے کی باقاعدگی سے پیروی کرنی چاہیے،موکل کو تمام تر ذمہ داری وکیل پر چھوڑ کر خود لاتعلق نہیں ہو جانا چاہیے،موکل کو نہ ہی وکیل کی غفلت یا لاپروائی کو نظرانداز کرتے ہوئے آنکھیں بند کر لینی چاہئیں۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ وکلا کو چاہیے کہ وہ مقدمات کی تاریخِ سماعت، کاز لسٹ اور متعلقہ عدالتی بنچوں کا درست ریکارڈ رکھیں، وکلاء کو اپنے موٴکل کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیس کے ہر پہلو اور تمام قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے، وکیل کی ذمہ داری ہے کہ اپنے موٴکل کو مقدمے کی پیش رفت، ممکنہ خطرات اور اگر کوئی تصفیے کی پیشکش ہو تو اس سے بھی آگاہ رکھے۔









