حکومت بلوچستان نے ضلع کوئٹہ کو انتظامی بنیادوں پر دو الگ اضلاع میں تقسیم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جبکہ ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے علیحدہ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ ڈویژن اب تین اضلاع پر مشتمل ہوگا، جن میں ضلع کوئٹہ ایسٹ، ضلع کوئٹہ ویسٹ اور ضلع مستونگ شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز شامل کی گئی ہیں، جبکہ ضلع کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز کو شامل کیا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ ضلع کوئٹہ کی تقسیم کا مقصد انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا، عوام کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی یقینی بنانا اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر حکومتی خدمات کی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کیے جانے کے بعد کوئٹہ ڈویژن کی انتظامی حدود میں بھی تبدیلی آ گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد متعلقہ محکموں کو نئی انتظامی تقسیم کے مطابق ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔









