کوئٹہ ڈویڑن میں 21 ستمبر سے انسداد پولیو مہم، 47 لاکھ 74 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

21

کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیر صدارت 21 ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی کوآرڈینیٹر ای سی او بلوچستان انعام الحق، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی، ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام خان،ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او کوئٹہ، این اسٹاپ، عالمی ادارہ صحت (WHO)، نیشنل پروگرام، یونیسف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو آئندہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تشکیل، سیکیورٹی، ویکسین کی دستیابی اور کوریج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ میں اگست کے دوران پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت آئے ہیں، جس کے باعث آئندہ مہم کے دوران کوئٹہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ایک سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کے ساتھ حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے، تاکہ بچوں کو مختلف متعدی بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ ڈویژن میں انسداد پولیو مہم 92 یونین کونسلوں اور 9 تحصیلوں میں چلائی جائے گی۔ مہم کے لیے 92 یو سی ایم اوز، 500 ایریا انچارجز، 10 ہزار 818 پولیو ٹیمیں اور 26 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کے علاوہ مختلف مقامات پر بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنائیں گی۔بریفنگ کے مطابق کوئٹہ ڈویژن میں مجموعی طور پر 47 لاکھ 74 ہزار 447 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ملیریا سمیت دیگر حفاظتی اور متعدی بیماریوں کے حوالے سے بھی ویکسینیشن کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں لازمی طور پر ویکسین پلائی جائے۔انہوں نے مہم کے دوران ہجرت کرنے والے اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے بچوں پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے اور سو فیصد کوریج کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم کے دوران ویکسین واپس نہ کرنے والے یو سی ایم اوز کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام متعلقہ افسران اور ٹیموں کو ہدایت کی گئی کہ مہم سے متعلق رپورٹس بروقت جمع کرائی جائیں اور فیلڈ میں ٹیموں کی نگرانی موثر انداز میں یقینی بنائی جائے۔کمشنر ذیشان لاشاری نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے باہمی رابطہ مزید موثر بنایا جائے، فیلڈ میں موجود ٹیموں کی نگرانی کی جائے اور رہ جانے والے بچوں کو تلاش کرکے انہیں پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں، تاکہ مہم کے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں