پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کی نومنتخب صوبائی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوئی،جس میں صوبائی ایڈوائزر اصغر خان اچکزئی نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔
تقریب سے پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی صدر رزاق عاصم، صوبائی ایڈوائزر اصغر خان اچکزئی، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی، اے این پی کے مرکزی سیکرٹری برائے طلباء امور سردار رشید خان ناصر، مرکزی کمیٹی کے رکن گل فراز ناصر، صوبائی سینئر نائب صدر سیف الدین کاکڑ، صوبائی جنرل سیکرٹری ایاز زیارتوال، اے این پی ضلع کوئٹہ کے صدر ثناءاللہ کاکڑ، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری برائے خواتین ملائکہ پانیزئی اور صوبائی کلچر سیکرٹری مالک جلازئی نے خطاب کیا۔
مقررین نے پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی تاریخی جدوجہد، طلباء کے حقوق کے تحفظ، تعلیمی اداروں میں جمہوری و مثبت طلباء سیاست کے فروغ اور تنظیم کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔









