جامعہ بلوچستان کے ریٹائرڈ اساتذہ کے پنشن واجبات کی مکمل ادائیگی کا مطالبہ

26

اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کی کابینہ کا اجلاس صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری فرید خان اچکزئی، پریس سیکرٹری پروفیسر رحمت اللہ اچکزئی، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر صاحبزادہ باز محمد کاکڑ، ڈاکٹر فرحت عباس سمیت کابینہ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کا اہم ایجنڈا جامعہ بلوچستان کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے پنشن واجبات کی عدم ادائیگی تھا۔ کابینہ نے اس امر پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت نے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 52 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم جامعہ بلوچستان کو فراہم کی، لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے تقریباً دو ماہ تک یہ رقم اپنے اکاؤنٹ میں رکھنے کے باوجود مستحق ریٹائرڈ اساتذہ کے اکاؤنٹس میں منتقل نہیں کی۔

اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اور ریٹائرڈ اساتذہ نے اس غیر ضروری تاخیر کے خلاف 23 نومبر کو پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم احتجاج کے اعلان کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے پنشن واجبات کی ادائیگی کا شیڈول جاری کیا اور بعض اساتذہ کو ادائیگیاں بھی کیں، جس کے پیش نظر احتجاجی کیمپ کا فیصلہ عارضی طور پر مؤخر کر دیا گیا۔

اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ صرف ادائیگی کا شیڈول جاری کرنا کافی نہیں بلکہ اصل مطالبہ تمام مستحق ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے اکاؤنٹس میں ان کی مکمل رقم فوری منتقل کرنا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 52 کروڑ روپے سے زائد رقم کی ادائیگی میں مزید تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ جب تک تمام مستحق ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کو ان کے مکمل واجبات ادا نہیں کیے جاتے، اس وقت تک اس معاملے کو حل شدہ تصور نہیں کیا جائے گا اور جائز حقوق کے حصول کے لیے احتجاج سمیت تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ریٹائرڈ اساتذہ اور افسران کے پانچ ماہ جبکہ دورانِ ملازمت اساتذہ اور افسران کے ایک ماہ کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔ کابینہ نے اساتذہ کی منظور شدہ خالی آسامیوں کی تاحال تشہیر نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وائس چانسلر نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کے سامنے چند دنوں میں آسامیوں کی تشہیر کا اعلان کیا تھا، لیکن دو ماہ گزرنے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ تمام منظور شدہ خالی آسامیوں کو فوری مشتہر کیا جائے۔ اسی طرح اساتذہ کی اپ گریڈیشن سے متعلق سنڈیکیٹ اور سینیٹ کی منظور شدہ پالیسی پر عملدرآمد روکنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں جامعہ بلوچستان کی کالونی میں رہائش پذیر اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں سے پانچ فیصد کٹوتی کے باوجود رہائشی سہولیات اور مرمت و دیکھ بھال کے کام نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

کابینہ نے کہا کہ وائس چانسلر نے فیکلٹی ممبران کے سامنے یقین دہانی کرائی تھی کہ پانچ فیصد کٹوتی کی رقم کالونی میں رہائش پذیر اساتذہ اور افسران کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، تاہم تاحال اس یقین دہانی پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ایسوسی ایشن نے کٹوتی کی گئی رقم اور اس کے بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں یوٹیلٹی الاؤنس کے تمام بقایاجات کی ادائیگی پر بھی زور دیا گیا۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کی نئی پالیسی کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ کابینہ نے کہا کہ سابق وائس چانسلر کی جانب سے پرو وائس چانسلر کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ اس تاخیر کے باعث متعدد اساتذہ اور ملازمین وفات پا چکے ہیں، لیکن ان کے خاندانوں کو انشورنس کے متعلقہ فوائد سے محروم رکھا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی کی سفارشات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے اسٹیٹ لائف انشورنس کی نئی پالیسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، جس کے تحت دورانِ ملازمت وفات اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی رقم مل سکے گی۔

اجلاس کے اختتام پر اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کی پنشن، کمیوٹیشن اور لیو انکیشمنٹ سمیت تمام واجبات کی مکمل ادائیگی اولین ترجیح ہے اور اساتذہ، ملازمین اور جامعہ بلوچستان کے تمام جائز مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں