متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور رہائشیوں کو سرکاری خدمات کی فراہمی آسان بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ذاتی معاون ’میرا‘ متعارف کرا دیا جس کی خدمات مارچ 2027 سے مرحلہ وار شروع ہوں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میرا کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔
یہ اقدام حکومت کے وژن ’گورنمنٹ 4.0‘ کے تحت سرکاری خدمات کو جدید، مربوط اور مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزیر برائے کابینہ امور محمد عبداللہ القرقاوی نے میرا کو متحدہ عرب امارات کی حکومت کا ذاتی ڈیجیٹل معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری اے آئی اسسٹنٹ ہے جو ملک کے تمام شہریوں اور رہائشیوں کے لیے کام کرے گا۔
حکام کے مطابق میرا ایجنٹک اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو سمجھ کر متعلقہ سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کرے گا اور مختلف خدمات کے حصول کے لیے درکار کارروائی خودکار طور پر آگے بڑھائے گا۔
مارچ 2027 میں ابتدائی مرحلے کے دوران رہائشی اجازت ناموں، شناختی دستاویزات، پاسپورٹ کی تجدید، تعلیم اور صحت سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ 2027 کے اختتام تک تمام سرکاری خدمات کو اس پلیٹ فارم پر دستیاب بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس نظام کے ذریعے شہریوں اور رہائشیوں کو مختلف سرکاری محکموں کے چکر لگانے یا متعلقہ اداروں اور دستاویزی تقاضوں کی معلومات تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ میرا ضروری دستاویزات تیار کرنے اور خدمات کے حصول کا عمل آسان بنانے میں بھی معاونت کرے گا۔









