کوئٹہ میں 8 غیر قانونی کرش پلانٹس سیل کرنے کا عمل شروع، ضلعی انتظامیہ اور بیپا کا مشترکہ آپریشن

35

حکومتِ بلوچستان نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں کوئٹہ کے مغربی بائی پاس اور ملحقہ آبادی والے علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم اور فعال کرش پلانٹس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نور احمد پرکانی کی خصوصی ہدایات اور 24 ستمبر 2026 کو ان کی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں آج ضلعی انتظامیہ اور بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (BEPA) کی انفورسمنٹ ٹیم نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے النور کرش پلانٹ، میٹریکون کرش پلانٹ اور دیگر چھ کرش پلانٹس سمیت مجموعی طور پر آٹھ کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی کی اور سیلنگ کا عمل شروع کیا۔

یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو انیف نورزئی کی سربراہی میں کی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر پنجپائی عبدالقیوم، اسسٹنٹ کمشنر بروری زوفشاں آغا، ضلعی انتظامیہ کے دیگر اہلکاروں اور سیکیورٹی عملے نے حصہ لیا۔

دوسری جانب بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈائریکٹر ایڈمن، فنانس و انفورسمنٹ محمد علی سمالانی کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ محبوب علی عیسی زئی کی نگرانی میں بیپا کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی میں بھرپور حصہ لیا۔

بیپا کی ٹیم میں گل حسن شاہوانی، جاوید بشیر، انسپکٹر ماحولیات شوکت کاکڑ، سمیر، صغیر، اکرام، فرہاد اور دیگر انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور متعلقہ عملہ شامل تھا۔آپریشن کے دوران کرش پلانٹس کی سرگرمیوں اور قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ مقامات پر ماحولیاتی قوانین اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق انفورسمنٹ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 23 فروری 2023 کو متعلقہ آئینی درخواستوں میں کوئٹہ میٹروپولیٹن حدود سے کرش پلانٹس کی بندش، مشینری کی منتقلی اور مقررہ مقامات پر منتقلی سے متعلق احکامات جاری کیے تھے۔اس سلسلے میں 24 ستمبر 2026 کو سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نور احمد پرکانی کی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں متعلقہ محکموں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے، غیر قانونی کرش پلانٹس کی نشاندہی، دوبارہ فعال ہونے والے یونٹس کے خلاف کارروائی، قانونی تقاضوں کے مطابق منتقلی اور متاثرہ علاقوں کے تحفظ و بحالی کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

حکومتِ بلوچستان کی جانب سے اس امر پر خصوصی زور دیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر مثر عمل درآمد، ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام، شہری آبادی کو گردوغبار اور مضر اثرات سے تحفظ، اور غیر قانونی صنعتی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی یقینی بنائی جائے۔ضلعی انتظامیہ اور بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی یہ مشترکہ کارروائی صوبائی حکومت کی ماحولیاتی قوانین کے نفاذ اور کوئٹہ کے شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائیوں کا مقصد صرف عارضی بندش نہیں بلکہ مستقل قانونی عمل درآمد، غیر مجاز دوبارہ فعالیت کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں