وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے بدھ کے روزرکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم خان بازئی کے ہمراہ کچلاک کے علاقے محلہ سملی میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی)کی اپ گریڈیشن اور نئی ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے رورل ہیلتھ سینٹر کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور علاج معالجے کی دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ رورل ہیلتھ سینٹر کی اپ گریڈیشن کا مقصد علاقے کے عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر اور معیاری بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں معمولی طبی مسائل کے علاج کے لیے کوئٹہ کا رخ نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ نئی ایمبولینس کی فراہمی سے ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت کوئٹہ کے بڑے طبی مراکز منتقل کرنے میں مدد ملے گی جس سے مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور صحت کی سہولیات تک رسائی مزید موثر بنائی جاسکے گی۔صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیادی مراکز صحت کو فعال اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔









