گوادر کو سی فوڈ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کا اہم مرکز بنایا جائیگا، چیمبر آف کامرس

17

صوبائی حکومت بلوچستان کی سرمایہ کاری، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کی پالیسی کے تحت گوادر کو سی فوڈ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کا اہم مرکز بنانے کی کوششوں میں پیش رفت سامنے آئی ہے گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جیہند ہوت نے چین کے معروف فوڈ سپلائی چین گروپOptimize Intergration Group (OIG) کے وائس پریذیڈنٹ بن بن یانگ سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں گوادر میں سرمایہ کاری، سی فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین، فوڈ لاجسٹکس اور چینی مارکیٹ تک براہِ راست رسائی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گوادر چیمبر کے سیکریٹری جنرل خالد سیف بھی موجود تھے ترجمان گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطابق جیہند ہوت نے کہا کہ گوادر کو صرف بندرگاہ نہیں بلکہ پیداوار، پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن، تجارت اور برآمدات کے مربوط مرکز کے طور پر ترقی دینے سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسیع سمندری وسائل کو جدید فش پروسیسنگ، فریزنگ، کولڈ اسٹوریج، معیاری پیکیجنگ اور ریفریجریٹڈ لاجسٹکس سے منسلک کرکے عالمی، بالخصوص چینی، منڈیوں تک برآمدات بڑھائی جاسکتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو گوادر میں سی فوڈ، کولڈ چین، فوڈ پروسیسنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سی فوڈ ویلیو چین کے قیام سے مقامی ماہی گیروں اور کاروباری طبقے کے لیے نئے مواقع، روزگار میں اضافہ اور ملکی برآمدات کو فروغ ملے گا۔

ملاقات میں گوادر اور چین کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ اور نجی شعبے کے اشتراک سے سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں پر پیش رفت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں