وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح اور دوٹوک اعلان کیا ہے کہ صوبے میں کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دی جائے گی، جبکہ ملازمتوں کی خرید و فروخت کے مصدقہ شواہد سامنے آنے پر کسی وزیر یا سیکرٹری کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی محکموں کی کارکردگی، انتظامی امور اور بھرتیوں کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران میر سرفراز بگٹی نے افسران کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بھرتیوں میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہ کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے روزِ اول ہی واضح کر دیا تھا کہ بلوچستان میں کوئی نوکری نہیں بکے گی۔ اس اصولی موقف پر کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری بلوچستان اور تمام متعلقہ حکام ایک پیج پر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جس بھی محکمے میں نوکریاں فروخت ہونے کے مصدقہ ثبوت ملے، اس محکمے کا وزیر اور سیکرٹری عہدے پر نہیں رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نوکریوں کی خرید و فروخت کے معاملے میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں اور اس حوالے سے کوئی معافی نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے موصول ہونے والی بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مصدقہ شواہد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے نتیجے میں کسی فرد کا جرم ثابت ہوا تو ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
اجلاس میں تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ماتحت اہلکاروں اور ریکروٹمنٹ کمیٹیوں کی کڑی نگرانی کریں تاکہ بھرتیوں کے عمل میں کسی سطح پر بے ضابطگی نہ ہو۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے ہوئے روزگار کے مواقع کے منتظر رہتے ہیں، ان کی نوکریاں فروخت ہونے دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ افسران احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے افسران پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت ہیں اور بلوچستان کو درست سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوکریوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ہر طرح کا دباؤ برداشت کیا جائے گا، تاہم بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام سیکرٹریز کو اللہ کو حاضر و ناظر جان کر حلف لینے کی ہدایت کی کہ وہ صوبے کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ میرٹوکریسی قائم کرکے ہی نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال









