ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی زیر صدارت ضلع کوئٹہ ویسٹ میں گداگری کے تدارک اور عوامی مقامات پر شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ ویسٹ علی درانی ، ایڈمنسٹریٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سمی اللہ بگٹی ، اسسٹنٹ کمشنر پنچپائی عبدل قعیوم بلوچ ، اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف عمار بلوچ ، اور اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کبیر مزاری نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر کے مختلف عوامی مقامات، بالخصوص بازاروں، ہوٹلز، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور دیگر مصروف مقامات پر گداگروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور اس کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ ویسٹ اور محکمہ سوشل ویلفیئر مشترکہ طور پر گداگری کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کا آغاز کریں گے، جو مسلسل جاری رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام اہم عوامی مقامات کی نشاندہی کرکے وہاں مربوط اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔ کارروائی کے دوران گداگروں کو محض عوامی مقامات سے ہٹانے کے بجائے انہیں محکمہ سوشل ویلفیئر کے متعلقہ مراکز اور بحالی (Rehabilitation) کے اداروں میں منتقل کیا جائے تاکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو پٴْرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گداگری میں ملوث افراد کی مناسب بحالی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ کارروائی یقینی بنائی جائے۔









