کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے آج مرکرزی جلوس کے لیے سیکیوٹی کے فول پروف انتظامات

32

شہر قائد میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر آج سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر بھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مجموعی طور پر بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کی 642 امام بارگاہوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار 994 پولیس افسران اور ہلکار تعینات ہوں گے۔

ترجمان پولیس کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کنٹرول رومز قائم ، سرچ اینڈ اسکواڈ اورعمارتوں پراسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ، پوسٹ انسیڈنٹ رسپانس ٹیمیں بھی فرائض انجام دیں گی۔

مرکزی جلوس کے تمام روٹس سے ملحقہ سڑکوں کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا جبکہ نشتر پارک اور اطراف میں بھی غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود رہتے ہوئے پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کو مزید سخت کریں۔ حساس تنصیبات، عوامی مقامات اور اہم عمارتوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی مزید مربوط بناتے ہوئے چیکنگ اور سرچنگ کے عمل کو مؤثر بنایا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جلوسوں اور اہم مقامات پر سوئپنگ اور کلیئرنس کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ایڈوانس انٹیلیجنس کلیکشن اور اس کی تھانہ سطح پر فوری شیئرنگ کو بھی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں