ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، طبی عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی، ڈرگ کنٹرول اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی، محکمہ پاپولیشن، ایم ایس مفتی محمود ہسپتال، ڈرگ کنٹرولر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈی ایچ او کوئٹہ نے تمام آر ایچ سیز میں عملے کی دستیابی، ادویات کی فراہمی اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی، جبکہ ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی نے ضلع کوئٹہ کے 53 بی ایچ یوز کی کارکردگی اور سہولیات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈرگ کنٹرولر نے ضلع میں ادویات کی نگرانی اور ڈرگ قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ پیش کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی میڈیکل اسٹور مستند ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر کنٹرول شدہ ادویات فروخت نہیں کرے گا۔
خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ میڈیکل اسٹور کو فوری طور پر سیل کیا جائے گا اور مالک کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی اور ڈرگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔









