حکومت بلوچستان نے زیارت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کے ریلیز آرڈر جاری کر دیے ہیں۔یہ بات وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے جمعرات کو جاری بیان میں کہی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام شہداء کے خاندانوں کو ان کی دہلیز پر معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر معاوضوں کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامی اور مالی کارروائیاں انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی کفالت، اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مالی معاوضہ انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، تاہم حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔









