جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفر اللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعد اللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ عوام کے لیے ناقابلِ برداشت عذاب بن چکی ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں شہر کے بیشتر علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہتے ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں پانی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔
بجلی کی عدم دستیابی کے باعث ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں جبکہ ٹینکر مافیا اس صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں سے من مانے نرخ وصول کر رہی ہے۔
گھریلو صارفین شدید گرمی میں بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر کربناک حالات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام عوامی مشکلات کے ازالے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ شکایات درج کرانے کے لیے فراہم کردہ ہیلپ لائنز اکثر بند یا مسلسل مصروف رہتی ہیں جبکہ دفاتر میں بارہا شکایات کے اندراج کے باوجود عوام کی داد رسی نہیں کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام کی غفلت، کوتاہی اور ناقص کارکردگی کے باعث عوام شدید اضطراب اور بے چینی کا شکار ہیں۔ جمعیت علما اسلام مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔









