بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد بلوچستان کے امن وترقی کے دشمن ہیں، سرفراز بگٹی

4

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے آپریشن کے دوران چودہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ ایسے عناصر کا مقصد صوبے میں بدامنی پھیلانا اور عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا ہے، تاہم ریاستی ادارے ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لانس حوالدار محمد عباس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے یہ بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں جن کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی سرپرستوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں