بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے صوبے کے مختلف اضلاع میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے، ملاوٹ، ناقص خوراک کی فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مراکز کے مالکان کو جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے ہیں۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ’’اے پی پی ‘‘کوبتایاکہ کوئٹہ کے علاقے کواری روڈ میں بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیم نے دودھ کے معیار کی جانچ کے لیے مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔
موقع پر کیے گئے ٹیسٹوں میں دودھ میں پانی کی وافر مقدار شامل ہونے کی تصدیق پر دو دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ تین مراکز کو معمولی نقائص دور کرنے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
دوسری جانب گوادر کے علاقے پشوکان اور شہر کے مختلف مضافات میں عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے چھ جنرل اسٹورز مالکان کو جرمانہ اور تین کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
کارروائی کے دوران زائدالمیعاد مشروبات، جوسز، میگی نوڈلز، بسکٹس، ڈبہ بند اشیا اور ممنوعہ مضر صحت مصنوعات گٹکا، شیکھر، جے ایم اور ماوا برآمد کر کے ضبط اور تلف کر دی گئیں۔صنعتی شہر حب میں مرکزی شاہراہ پر قائم مختلف خوراکی مراکز کی چیکنگ کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی، صفائی کی ناقص صورتحال، حشرات کی موجودگی، ایکسپائرڈ مصنوعات اور ممنوعہ چائنیز نمک و نان فوڈ گریڈ رنگوں کے استعمال پر چار مصالحہ شاپس، ایک ریسٹورنٹ اور ایک ہول سیل ٹریڈر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ تین مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ڈیرہ مراد جمالی میں فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے اور ناقص خوراک کی فراہمی پر متعدد کریانہ اور جنرل اسٹورز مالکان کو جرمانہ کیا گیا۔ بی ایف اے حکام کے مطابق ان مراکز کو قبل ازیں متعدد بار لائسنس حاصل کرنے کی ہدایات دی جا چکی تھیں۔کوئٹہ کے سبزل روڈ اور سی پیک روڈ پر قائم مختلف خوراکی مراکز کے معائنے کے دوران فوڈ بزنس لائسنس کی عدم موجودگی، صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود مشینری، کیمیکل پرنٹڈ کاغذ میں اشیا کی پیکنگ، مضر صحت رنگوں کے استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں پر تین بیکنگ یونٹس سمیت متعدد مراکز کے مالکان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اسی طرح ایئرپورٹ روڈ اور نواں کلی میں ایک ریسٹورنٹ اور ایک قلفی مینوفیکچرنگ یونٹ کو غیر صحت بخش حالات، ایکسپائرڈ مصنوعات، مضر صحت کوکنگ آئل کے استعمال اور ناقص اسٹوریج انتظامات پر جرمانہ کیا گیا۔ادھر قلعہ سیف اللہ میں بی ایف اے انسپیکشن ٹیم نے مین آر سی ڈی روڈ اور گردونواح میں قائم خوراکی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے مالکان کو معیاری و محفوظ اشیائے خوردونوش کی فروخت، ایکسپائرڈ مصنوعات سے اجتناب اور لازمی فوڈ بزنس لائسنس کے حصول کی ہدایات جاری کیں۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں معائنوں اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔









