17

کوئٹہ : چمن پھاٹک کے قریب ٹرین گزرتے وقت زوردار دھماکہ

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب اس وقت ایک شدید دھماکا ہوا جب وہاں سے ٹرین گزر رہی تھی۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی اور شدید نوعیت کے باعث قرب و جوار کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں جونیئر اسسٹنٹ کالونی اور شہباز ٹاؤن میں متعدد گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں تک اکھڑ گئیں، جبکہ دھماکے کے فوری بعد ریلوے ٹریک کے قریب ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز، ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کے پاس لگی آگ پر قابو پانے کے لیے مزید ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں اور امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

معاون خصوصی برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مکمل معلومات حاصل کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ جائے وقوعہ کے قریب جمع نہ ہوں تاکہ امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی مزید تفصیلات موصول ہوں گی، میڈیا کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں