10

جمعیت علماء اسلام کے زیرا ہتمام 6مئی کو ضلع لسبیلہ میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے

جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں بروز بدھ 6 مئی کو ضلع لسبیلہ بھر کی تحصیلوں بیلہ، اوتھل اور لاکھڑا میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے یہ فیصلہ جمعیت علماء اسلام ضلع لسبیلہ کے ضلعی مجلسِ عاملہ اور مہتممینِ مدارس کا ایک اہم مشترکہ اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد نعیم رونجھو کی صدارت میں جامعہ مدنیہ اوتھل میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے رات کی تاریکی میں مساجد، مکاتب اور دینی مدارس کو تالے لگانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ شرکاء نے اس عمل کو نہ صرف قابلِ افسوس بلکہ مذہبی آزادی اور دینی اقدار پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر اس غیر ذمہ دارانہ اقدام پر معافی مانگے اور اس فیصلے کو فی الفور واپس لے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی اس ناانصافی کے خلاف، جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں، بروز بدھ 6 مئی کو ضلع لسبیلہ بھر کی تحصیلوں بیلہ، اوتھل اور لاکھڑا میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔اجلاس کے اعلامیے میں ضلع لسبیلہ کی تمام تحصیل جماعتوں، یونٹوں کے ذمہ داران، عہدیداران، اراکینِ عمومی اور کارکنان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور اس احتجاج کو کامیاب بنائیں، جبکہ 10 مئی کو کوئٹہ کی جانب متوقع لانگ مارچ کے لیے بھرپور تیاریوں کا بھی آغاز کیا جائے۔

مزید برآں، جمعیت علمائ اسلام ضلع لسبیلہ کی جانب سے تاجر برادری، کاروباری طبقے اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ دینی مدارس اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے 6 مئی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں میں بھرپور ساتھ دیں۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام ضلع لسبیلہ کے ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا عبد الحمید عارف، ضلعی سرپرست مولانا عبد الحلیم گنگو، مولانا اللہ بخش سعیدی، مولانا مفتی محمد سعید اور میونسپل اوتھل کے کونسلر جیرام داس عرف جیرو سمیت دیگر افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں