بلوچستان میں داخل ہونے والے 4 ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا گیا، آئی ایس پی آر

10

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان کی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں سرحد پار چار ابتدائی نوعیت کے ڈرونز لانچ کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے ان ڈرونز کا فوری طور پر سراغ لگا لیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے چاروں ڈرونز کو کامیابی سے غیر مؤثر بنا دیا۔ بیان کے مطابق بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث کسی بھی ممکنہ نقصان کو روک دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات کا مقصد افغان عوام کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹانا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان کو دہشت گردی کی سرپرستی سے گریز کرتے ہوئے پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا سرحد پار کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی خودمختاری یا شہریوں کے تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی مہم جوئی کا آپریشن “غضب للحق” کے تحت فوری، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں