سیرتِ رسول اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل رہنمائی اور نوجوان نسل کے لیے عملی زندگی کا بہترین نمونہ ہے ، مولانا ہدایت الرحمن

34

امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل محسن انسانیت ﷺ کوئز کمپیٹیشن میں خصوصی شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل رہنمائی اور نوجوان نسل کے لیے عملی زندگی کا بہترین نمونہ ہے۔کلچرکے نام پرنوجوانوں کی مخلوط رقص کی محفلیں قابل مذمت ہے ان کاہمارے کلچرسے کوئی تعلق نہیں۔

نوجوان طلبہ سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کریں اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات،کردار،اخلاق اور اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔نیشنل محسنِ انسانیت ﷺ کوئز کمپیٹیشن سے ناظمِ صوبہ اسلامی جمعیتِ طلبہ بلوچستان احسان اللہ ناصر ،ناظم کوئٹہ مقام اخونزادہ عطاالرحمن،معتمدِ صوبہ ایاز خان کاکڑ،صدرِ صوبہ برہان صادق، ناظم شمالی ریجن رفیع اللہ کاکڑ،نگران سرکاری جامعات شائد علی بھنگراور معتمدِ مقام نصیب اللہ خلجی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مولاناہدایت الرحمن بلوچ نے مزیدکہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو علم، عدل، اخوت، برداشت، خدمتِ خلق اور حسنِ اخلاق کا درس دیا۔ آج نوجوان نسل کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں کیا جاسکتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جدید تعلیم کے ساتھ دینی و اخلاقی تربیت بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ معاشرے کے ذمہ دار، باکردار اور مفید شہری بن سکیں۔

مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کوئز کمپیٹیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی و تربیتی پروگرام نوجوانوں میں سیرتِ نبوی ﷺ سے محبت، مطالعے کا شوق اور اسلامی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں اپنی صلاحیتیں تعلیم، تحقیق، خدمتِ انسانیت اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لانی چاہئیں۔انہوں نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ رسول اکرم ﷺ کی سیرت کو صرف مطالعے تک محدود نہ رکھیں بلکہ آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی روزمرہ زندگی، معاملات، اخلاق اور کردار میں عملی طور پر اپنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں