وفاقی محتسب کی مداخلت پر ایک شہری کو 11 سال بعد شناختی کارڈ کی بحالی کی صورت میں بڑا ریلیف مل گیا۔ درخواست گزار محمد داؤد کا طویل عرصے سے بلاک شناختی کارڈ وفاقی محتسب کے حکم پر محض ایک ماہ کے اندر بحال کر دیا گیا جس سے شہری کا طویل انتظار ختم ہوگیا۔ درخواست گزار محمد داؤد نے بتایا کہ انکا شناختی کارڈ نادرا کی جانب سے 2015 سے بلاک کر دیا گیا تھا۔
جس کی بحالی کے لیے وہ متعدد بار نادرا دفتر اور کمیٹیوں میں پیش ہوئےلیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
لہذا انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ سے رابطہ کیا اوردرخواست دائر کی۔ درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت کی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کا بلاک شدہ شناختی کارڈ فوری بحال کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کا بلاک شناختی کارڈ فوری بحال کر دیا۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔









