ملک بھر میں سائبر آگاہی مہم جاری، آٹھ شہروں میں سیشنز کا انعقاد

29

ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سید علی ناصر رضوی کی ہدایات پر ملک بھر میں سائبر آگاہی مہم جاری ہے، جس کے تحت اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، پشاور، ساہیوال، گوجرانوالہ اور کوئٹہ میں آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور ڈی جی سید علی ناصر رضوی کی زیر نگرانی نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے مختلف سرکلز نے یونیورسٹیوں، کالجوں، سکولوں، چرچ اور چیمبر آف کامرس میں سیشنز منعقد کیے۔

ان میں اسلام آباد کا الائیڈ سکول کیمپس آئی 14، لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، راولپنڈی کا سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ، فیصل آباد کا گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول منانوالہ، پشاور کا فیوچر ورلڈ سکول اینڈ کالج ڈی ایچ اے، ساہیوال کا گورنمنٹ ڈگری کالج آف کامرس اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔

سیشنز میں طلبہ، اساتذہ، فیکلٹی ممبران، کاروباری اور اقلیتی برادری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آن لائن سیفٹی، ڈیجیٹل سیکیورٹی، مالیاتی فراڈ، فشنگ، آن لائن جوا، ہراسانی، بلیک میلنگ، سائبر بلنگ، جعلی سوشل میڈیا پروفائلز، شناخت کی چوری اور جعلی لون ایپس کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

شرکا کو بتایا گیا کہ سائبر مجرمان جعلی لنکس، ملازمت کی پیشکشوں، انعامی سکیموں اور جعلی پروفائلز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ انہیں مضبوط پاس ورڈز، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن اور پرائیویسی سیٹنگز فعال رکھنے، نامعلوم لنکس کھولنے اور ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے ممبران نے چیمبر میں این سی سی آئی اے رپورٹنگ بوتھ قائم کرنے اور باقاعدہ مفاہمتی یادداشت کے ذریعے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ڈی جی سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ محفوظ ڈیجیٹل پاکستان کے لیے ملک بھر میں آگاہی سیشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں