صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور نوجوانوں کو بندوق کے بجائے قلم، تعلیم، تحقیق اور شعور کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ یہی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی معاشرے کو صرف تباہی اور اندھیروں کی طرف لے جاتی ہے، جبکہ تعلیم اور مثبت سوچ ہی نوجوانوں کو روشن مستقبل کی جانب گامزن کر سکتی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پہاڑوں کا رخ کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنی زندگی بلکہ بلوچستان کی ترقی کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو تعلیم، ہنر اور تحقیق کے ذریعے بروئے کار لائیں اور ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے خواتین کے شدت پسندی میں ملوث ہونے کے رجحان کو بھی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو انتہا پسندی سے دور رکھنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور حکومت انہیں بہتر تعلیمی سہولیات، ہنر مندی اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منفی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے تعلیم اور شعور کو اپنا ہتھیار بنائیں تاکہ ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔









