52

مردوں کے مقابلے میں خواتین میں ڈپریشن جیسا مرض زیادہ عام کیوں ہوتا ہے؟ وجہ دریافت

ڈپریشن ایسا مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

عام طور پر مردوں کے مقابلے میں خواتین میں ڈپریشن کی تشخیص زیادہ ہوتی ہے اور اب اس کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔

ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خواتین میں ڈپریشن کا جینیاتی خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

جرنل نیچر کمیونیکیشن میں شائع تحقیق میں دونوں صنفوں میں ڈپریشن کے حوالے سے جینز کے کردار کا جائزہ لیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے QIMR Berghofer میڈیکل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خواتین میں 16 جینیاتی ورژن ڈپریشن سے منسلک ہوتے ہیں جبکہ مردوں میں یہ تعداد 8 تھی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ مردوں اور خواتین دونوں میں کافی جینز ڈپریشن سے جڑے ہوتے ہیں مگر خواتین میں اس دماغی مرض کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ صرف خواتین تک محدود مخصوص جینیاتی ورژنز ہیں۔

محققین کے مطابق یہ ہم پہلے ہی جانتے ہیں کہ زندگی میں مردوں کے مقابلے میں خواتین میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم یہ بھی جانتے ہیں ایک سے دوسرے فرد میں ڈپریشن کا عارضہ بالکل مختلف ہوسکتا ہے اور اس حوالے سے زیادہ تحقیقی کام نہیں ہوا کہ آخر خواتین اور مردوں کو یہ مرض مختلف انداز سے متاثر کیوں کرتا ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ نتائج کسی حد تک محدود ہیں کیونکہ مردوں کی جانب سے ڈپریشن کی صورت میں بہت کم ڈاکٹروں سے رجوع کیا جاتا ہے جبکہ ماحولیاتی عناصر بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں آسٹریلیا، نیدرلینڈز، امریکا اور برطانیہ میں ہونے والی 5 تحقیقی رپورٹس کے ڈی این اے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان تحقیقی رپورٹس میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 سے زائد خواتین اور 64 ہزار سے زائد مرد ڈپریشن کے شکار تھے جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد خواتین اور ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد مرد اس مرض سے محفوظ تھے۔

تحقیق میں خواتین میں ڈپریشن اور میٹابولک اثرات جیسے جسمانی وزن سے متعلق ٹھوس جینیاتی تعلق کو دریافت کیا گیا۔

محققین کے مطابق اس جینیاتی فرق سے ممکنہ وضاحت ہوتی ہے کہ آخر خواتین کو جسمانی وزن میں تبدیلیوں یا دیگر میٹابولک تبدیلیوں پر ڈپریشن کا زیادہ سامنا کیوں ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈپریشن ایک پیچیدہ ذہنی مرض ہے جس کے شکار افراد اکثر اداس رہتے ہیں جبکہ ہر وقت بے بسی کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔

مگر ڈپریشن محض ‘دماغ’ تک محدود رہنے والا مرض نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں جسم بھی متاثر ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں