پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑی بلوچستان نے ہمیشہ اپنا سینہ وطن کے دفاع کے لیے پیش کیا، سرفراز بگٹی

29

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں قومی خودداری، دفاعی طاقت اور جراتمندانہ فیصلے کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو حکومتِ پاکستان، پاک افواج اور پوری قوم نے عالمی دباؤ کے باوجود طاقتور قوتوں کے سامنے نہ جھکنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چاغی، بلوچستان میں ہونے والے ایٹمی دھماکے پوری قوم کے عزم، خودداری اور ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت کی علامت ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جب بھی وطن کو ضرورت پڑی، بلوچستان نے ہمیشہ دفاعِ پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور اپنی سرزمین کو قومی سلامتی کے لیے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل کا وزیر اعظم کی گاڑی خود ڈرائیو کرتے ہوئے چاغی کے مقام تک جانا تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جس نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ بلوچستان کے عوام ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور دفاع کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تکبیر صرف قومی دفاع کی یادگار نہیں بلکہ قومی یکجہتی، تجدیدِ عہد اور اتحاد کا دن بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواجِ پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کے خلاف ہونے والی اندرونی و بیرونی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا عزم کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو شہداء کے مقدس خون کی قیمت ہر صورت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے صدقے بلوچستان اور پورے پاکستان میں دائمی امن قائم فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں