مصنوعی ذہانت (AI) اب صرف کام آسان بنانے یا سفر کی منصوبہ بندی تک محدود نہیں رہی بلکہ اب یہ ذاتی زندگی کے اہم معاملات، جیسے وزن کم کرنے، میں بھی مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے اپنی حیران کن فٹنس ٹرانسفارمیشن شیئر کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس نے نہ جم جوائن کیا، نہ مہنگے ڈائٹ پلان اپنائے اور نہ ہی کسی ذاتی ٹرینر کی خدمات حاصل کیں، بلکہ چیٹ جی پی ٹی کو اپنا ذاتی فٹنس ٹرینر بنایا۔
حسن نامی صارف کے مطابق انہوں نے روزانہ باقاعدہ پرامپٹس دے کر چیٹ جی پی ٹی سے رہنمائی لی، جس کی بدولت انہیں نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور واضح روٹین بنانے میں مدد ملی، اسی تسلسل کے ساتھ انہوں نے صرف 12 ہفتوں میں 27 کلوگرام وزن کم کر لیا۔
حسن نے اپنی کامیابی کو صرف اپنے تک محدود نہیں رکھا بلکہ دوسروں کی مدد کے لیے انہوں نے وہ تمام پرامپٹس بھی شیئر کر دیے جو انہوں نے اپنے وزن کم کرنے کے سفر میں استعمال کیے۔









