ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ ڈاکٹر نصیر علی شاہ کا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سرغرگئی کوئٹہ کا دورہ

39

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے جمعرات کو گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سرغرگئی کوئٹہ کا دورہ کیا اور اسکول میں منعقدہ سائنس نمائش کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر طالبات نے فزکس، کیمسٹری اور بائیولوجی کے مختلف سائنسی ماڈلز اور منصوبے پیش کیے اور اپنے کام کی تفصیلی وضاحت کی۔

دورے کے موقع پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس مصباح اکرم نے ڈاکٹر نصیر علی شاہ کا استقبال کیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے نمائش میں پیش کیے گئے ماڈلز کا جائزہ لیا اور طالبات کی سائنسی معلومات، خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی فہم کو سراہا۔اس موقع پر خصوصی طور پر سائنس کی واحد معلمہ مس زرینہ بی بی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا گیا، جنہوں نے محدود تدریسی وسائل کے باوجود طالبات کی مؤثر رہنمائی کی اور تمام سائنسی منصوبوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں اور تدریسی ماحول کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران تمام اساتذہ اپنی اپنی کلاسوں میں موجود پائے گئے، جبکہ اسکول میں نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور تعلیمی ماحول تسلی بخش تھا۔ طالبات نے اپنے مضامین سے متعلق تصورات پر اچھی سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ہیڈ مسٹریس، اساتذہ اور طالبات کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیاں طالبات میں سائنسی شعور، تحقیق، جدت طرازی، تنقیدی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ تعلیم کوئٹہ طالبات کی تعلیمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور عملی تعلیم کے فروغ کے لیے ایسے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طالبات کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور سائنسی میدان میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں