مستونگ کے علاقے شمس آباد کراس میں کرکٹ میچ کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو کرکٹ کھلاڑی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق مسیحی برادری سے ہے۔ شمس آباد کراس کے قریب کرکٹ گراؤنڈ میں میچ جاری تھا کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو کھلاڑی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کھلاڑی اور تماشائی اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر اٴْدھر بھاگ نکلے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین مسیحی برادری نیبچوں خواتین کے ہمرا ہ احتجاجاً کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال کے سامنے بلاک کردی۔ مظاہرین نے لاشیں روڈ پر رکھ کر دہرنا شروع کیا ہے شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔آخری اطلاعات تک احتجاج اور قومی شاہراہ کی بندش جاری تھی جبکہ انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کی کوششیں بھی جاری تھی









