وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کی خود قیادت کریں گے اور اس احتجاج میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو لے کر اسلام آباد پہنچیں گے۔
نوشہرہ میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 235 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ جاری میگا شجرکاری مہم کے تحت مارچ تک 14 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ 13 اگست کی رات ایک ہی کال پر پورا ملک ڈی چوک کی مانند بن گیا تھا اور اب کوئی طاقت انہیں اپنے وژن اور مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہتر حکمرانی کے ساتھ ساتھ پارٹی بانی کی رہائی کے لیے ان کی جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔









