امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ایک ایرانی مال بردار جہاز ٹوسکا جو لمبائی میں تقریباً 900 فٹ اور وزن میں تقریباً ایک طیارہ بردار جہاز کے برابر ہے، نے ہماری بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کی مگر یہ ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس سپروانس نے خلیجِ عمان میں ٹوسکا کو روک لیا اور رکنے کے لیے باقاعدہ انتباہ جاری کیا لیکن ایرانی عملے نے ہدایات ماننے سے انکار کیا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ہماری بحریہ کے جہاز نے ان کے انجن روم میں سوراخ کر کے اس کو وہیں روک دیا اور اس وقت وہ جہاز امریکی میرینز کی تحویل میں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ٹوسکا ماضی میں غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث امریکی محکمہ خزانہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہے اور ہم نے جہاز کو مکمل طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس میں موجود سامان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایران نے بحیرۂ عمان میں امریکی فوج کی جانب سے ایرانی تجارتی جہاز پر کارروائی اور قبضے میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کا جلد جواب دیا جائے گا۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر “حضرت خاتم الانبیاء” کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سمندری قزاقی کا ارتکاب کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی فورسز نے بحیرۂ عمان کے پانیوں میں ایرانی تجارتی جہاز پر فائرنگ کی اور اس کے نیویگیشن سسٹم کو ناکارہ بنا دیا جبکہ متعدد اہلکار جہاز پر سوار ہو گئے اور جہاز کو قبضے میں لے لیا گیا۔
ایرانی حکام نے اس کارروائی کو جارحیت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اس اقدام کا جلد اور مؤثر جواب دیں گی۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج ایک ایرانی مال بردار جہاز ٹوسکا نے امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کی مگر یہ ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔









