شہداء بلوچستان پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہر شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

21

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب کلیئرنس آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن میں دہشت گردوں کی ہلاکت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیوں کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد یہ بات اچھی طرح سن لیں کہ بلوچستان پاکستان کا مضبوط قلعہ ہے اور یہاں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام صرف شکست اور ہلاکت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی جبکہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی اور دہشت گرد کہیں بھی چھپ نہیں سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردوں کو قانون کی گرفت یا ہلاکت کے سوا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام کے خلاف ہر سازش کو طاقت، عزم اور قومی یکجہتی سے ناکام بنایا جائے گا۔

ان کے بقول فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاکستان اور بلوچستان کے عوام کے دشمن ہیں اور ان کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر خاک میں ملایا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ اپنے منطقی انجام تک پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں