محکمہ داخلہ بلوچستان نے ضلع خضدار میں مسما ۃاسماء جتک کے والد اور دیگر افراد کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے،
مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر قلات ڈویژن کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر حب اور ڈپٹی کمشنر آواران ارکان ہوں گے۔
ایس پی حب کو ممبر/سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی اور اسپیشل برانچ پولیس کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے،
مقرر کردہ ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق کمیٹی واقعے کے تمام حقائق اور محرکات کا جائزہ لے گی، متعلقہ اداروں کے ردعمل کا تجزیہ کرے گی اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی نشاندہی کرے گی، کمیٹی ذمہ داران کا تعین قانون کے مطابق کرے گی اور اپنی سفارشات میں قانونی، انتظامی اور سیکیورٹی اقدامات بھی تجویز کرے گی، نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ضرورت پڑنے پر متعلقہ ریکارڈ حاصل کر سکتی ہے،
کسی بھی افسر یا ماہر کی خدمات لے سکتی ہے اور دیگر اداروں سے معاونت حاصل کر سکتی ہے، کمیٹی اپنی رپورٹ 15 روز کے اندر حکومت بلوچستان کو پیش کرنے کی پابند ہوگی، مزید برآں کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری محکمے، ضلعی انتظامیہ، پولیس یا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون حاصل کر سکے گی تاکہ انکوائری کو مثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔









