بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب نے پنجاب حکومت کے بعض وزراء اور حکومتی شخصیات کی جانب سے سماء ٹی وی کی صحافتی رپورٹنگ کو بلیک میلنگ قرار دینے، سوشل میڈیا پر منظم مہم چلانے اور سرکاری وسائل کے ذریعے میڈیا ادارے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین، صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید اور جنرل سیکرٹری ایوب ترین سمیت دیگر عہدیداروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھانا اور عوامی مسائل اجاگر کرنا صحافت کا بنیادی فریضہ ہے۔
سرکاری اسکولوں کی ابتر صورتحال، اسموگ اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی سے متعلق سماء ٹی وی کی رپورٹنگ عوامی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی رپورٹ میں غلطی یا حقائق کی کمی ہے تو حکومت ریکارڈ اور اعدادوشمار کے ذریعے وضاحت کرے، صحافیوں اور میڈیا اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش نہ کی جائے۔









