محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعینات تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (DHOs) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (MSs) کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ اضلاع میں موجود رہیں اور کسی بھی قسم کی رخصت یا اسٹیشن سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی افسر کو چھٹی پر جانے یا اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ پہلے سے منظور شدہ تمام رخصتیں منسوخ تصور ہوں گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام افسران اپنی مکمل موجودگی یقینی بنائیں، صحت کی سہولیات کی کڑی نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے دستیاب رہیں۔ اعلامیے میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔









