پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ زون کے زیرِ اہتمام خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی نہایت عقیدت، احترام اور قومی فکری ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں کراچی میں منعقدہ صوبائی تعزیتی پروگرام میں پشتونخوامیپ سندھ کے صوبائی صدر سلیم خان ترین، سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید زین شاہ، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ظہور احمد ایڈوکیٹ، پشتونخوامیپ سندھ کے صوبائی ایگزیکٹو اراکین، مختلف اضلاع کے صدور، وکلاء فورم کے رہنما ظاہر خان مندوخیل سمیت سیاسی، سماجی اور فکری حلقوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی زندگی حقیقی جمہوری سیاست، عدم تشدد، قومی حقوق، آئینی جدوجہد اور فکری بالیدگی کا درخشاں حوالہ ہے۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی استعماری قوتوں، آمرانہ رویّوں، غیر جمہوری مداخلتوں اور قوموں کے حقوق کی پامالی کے خلاف قلم، سیاست، صحافت اور عملی مزاحمت کے ذریعے جدوجہد میں گزاری۔
ان کی شہادت اس بات کا اعلان تھی کہ حق کے راستے پر چلنے والے کردار زندہ رہتے ہیں اور ان کے نظریات آنے والی نسلوں کا سیاسی مستقبل تشکیل دیتے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ آج ملک ایک بار پھر سیاسی بے یقینی، آئینی انحراف، ادارہ جاتی مداخلت، معاشی ناہمواری اور بنیادی حقوق کی پامالی جیسے سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ ایسے حالات میں خان شہید کا جمہوری منشور، پارلیمانی بالادستی کا تصور اور آئینی راستے پر اٹل یقین پہلے سے زیادہ رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ ’’فارم 47‘‘ کے ذریعے لائے گئے حکمران عوامی مینڈیٹ کے امین نہیں ہیں، اور ان کا پورا ڈھانچہ غیر جمہوری فیصلوں اور سیاسی انجینئرنگ پر کھڑا ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نہ پہلے کسی غیر آئینی فیصلے کو مانتی تھی، نہ آج مانتی ہے، اور نہ مستقبل میں کسی غیر جمہوری مداخلت کو قبول کرے گی۔
پارٹی اپنی سیاسی تنظیم، کارکنوں کی جدوجہد، عوامی رابطہ مہم اور جمہوری اصولوں کے ذریعے ملک میں قانون، انصاف، پارلیمان کی بالادستی اور حقیقی وفاقی نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔مقررین نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں ایک اجتماعی سیاسی لائحہ عمل تیار کریں، تاکہ اس ملک کو بار بار کے غیر آئینی تجربات، آمرانہ فیصلوں اور قوموں کے حقوق کی مسلسل پامالی سے نجات دلائی جا سکے۔
خان شہید کی فکر اور فلسفہ قوموں کے درمیان برابری، وفاقی حقوق، شفاف انتخابات اور عوامی حکمرانی کے اصول پر قائم ہے، اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ان اصولوں پر کسی سودے بازی کو تیار نہیں۔آخر میں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خان شہید کا مشن اور نظریہ زندہ ہے، اور پارٹی آنے والی نسلوں کو بھی اسی جدوجہد پر قائم رکھنے کے لیے اپنی سیاسی، جمہوری اور فکری سرگرمیاں مزید توسیع کے ساتھ جاری رکھے گی









