الیکٹرک رکشوں کے اجرا سے متعلق جامع پالیسی مشاورت سے مرتب کی جائے گی، تمام کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم ہوں گے، میر لیاقت لہڑی

48

پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں الیکٹرک رکشوں کے اجرا اور مستقبل سے متعلق جامع پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی جائے گی، اس سلسلے میں کسی ایک کمپنی کو ترجیح نہیں دی جائے گی بلکہ تمام متعلقہ کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل کوئٹہ رکشہ یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں شہر کی رکشہ انڈسٹری کو درپیش مسائل، الیکٹرک رکشوں کے اجرا اور ان کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں یونین کے جنرل سیکرٹری طارق محمود، صدر شاہ مراد خان، نائب صدر لیاقت محمد حسنی، ایاز احمد، حاجی باری محمد حسنی اور ملک قادر لہڑی شامل تھے۔

میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ رکشہ انڈسٹری شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس شعبے سے وابستہ افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک رکشوں کے حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں رکشہ یونین کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع اور حتمی پالیسی مرتب کی جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی جائے گی کہ الیکٹرک رکشے متعارف کرانے والی تمام کمپنیوں کے معیار، ساکھ اور دیگر ضروری پہلوں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ شفاف اور یکساں پالیسی تشکیل دی جاسکے۔پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ رکشہ یونین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سیکرٹری آر ٹی اے کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں