دہشت گرد جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور آئی ای ڈیز کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، ریاست کا عزم کمزور نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

39

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم دہشت گرد عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی، ریاست اپنی پوری قوت اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کولپور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر بدامنی پھیلانے، شہریوں کو خوفزدہ کرنے اور قومی شاہراہوں پر معمولات زندگی متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کولپور، کردگاپ اور نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ پر سکیورٹی اقدامات اس امر کا ثبوت ہیں کہ عوام کے تحفظ اور آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کے حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر جدید ڈرون ٹیکنالوجی، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید ذرائع کو بروئے کار لا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم ٹیکنالوجی کے استعمال سے ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

دہشت گردی کے طریقہ کار میں تبدیلی کے ساتھ ریاستی ادارے بھی اپنی حکمت عملی اور استعداد کار کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری اور عوام کی معمول کی زندگی کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اہداف ہیں۔ دہشت گردی کے ذریعے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی اور کسی بھی علاقے میں دہشت گردوں کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وڑن ”عزمِ استحکام“ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کی اجتماعی حکمت عملی کا عکاس ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد سے ملک میں امن و استحکام کی منزل حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں