سندھ حکومت نے کراچی کے اہم ریڈ لائن منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ایف ڈبلیو او نے منصوبے کے ٹھپ پڑے کام کو دوبارہ شروع کردیا ہے۔
صوبائی حکومت نے ہدایت دی ہے کہ مکسڈ ٹریفک کوریڈور اور ڈرینیج کا کام 90 دن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے، سندھ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ پرانے ٹھیکیدار کا دفتر سیل ہونے کے بعد کیا گیا۔
سندھ حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر ریڈ لائن منصوبہ ایف ڈبلیو او کے سپرد کردیا ہے، وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ نے اعلان کیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی کام جاری رہے گا تاکہ تین ماہ میں منصوبہ مکمل ہوکر شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منصوبے کے لاٹ ٹو کے دونوں اطراف کام کو تین ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا خاص طور پر ان جگہوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام ہوگا جس سے عوام متاثر ہوتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نمائش چورنگی سے لیکر موسمیات چورنگی تک ریڈ لائن منصوبے کے دونوں اطراف پانی کی لائنیں،سروس روڈ، ڈرینیج لائنوں کا کام جولائے کے آخر میں مکمل کرلیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ کی جانب سے ایف ڈبلیو او کو مئی یا جون میں کام مکمل کرنے کا کہا گیا جس پر ایف ڈبلیو او نے تین ماہ میں کام مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔









