بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے کئی شہروں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو نوکنڈی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو صوبے بھر میں بلند ترین درجہ حرارت رہا۔ سبی میں درجہ حرارت 41 ڈگری، تربت میں 39 ڈگری، جبکہ چمن میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گرمی کی شدت برقرار رہی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ قلات میں 34 ڈگری، ژوب میں 33 ڈگری اور زیارت میں نسبتاً کم، 26 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ساحلی علاقوں میں موسم قدرے معتدل رہا، جہاں گوادر اور جیوانی میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری دھوپ سے بچنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔









