29

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ

ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے۔

لاہور میں طویل خشک سالی کے بعد مختلف مقامات پر بوندا باندی سے سردی بڑھ گئی ہے۔ ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، شاہ پور کانجراں اور چوہنگ کے اطراف میں بونداباندی ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ شہر کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 اور کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ بلیو ایریا، زیرو پوائنٹ، جی سیون، ایف سیون، کشمیر ہائی وے اور ڈی چوک کے اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ایبٹ آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور سوات کے پہاڑوں میں برفباری کے بعد ہر سو حسین نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ کراچی میں بھی سرد ہوائیں چل رہی ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں