کوئٹہ، مسلم اتحاد کالونی برساتی نالے پر قبضہ ختم کرایا جائے، پشتونخوامیپ

6

پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیا ن میں کوئٹہ کے مسلم اتحاد کالونی وبڑیچ کالونی کے درمیان سیلابی نالے اور دیگر علاقوں میں برساتی نالوں پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ عوام کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ قدرتی آبی گزرگاہوں کو تنگ یا بند کرنے سے سیلابی ریلوں کا راستہ رک جاتا ہے، جس کے نتیجے میں بارشوں کے دوران پانی سڑکوں، آبادیوں، گھروں میں داخل ہو کر بڑے پیمانے پر نقصان کا باعث بنتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کی غفلت اور کمزور نگرانی کے باعث کئی مقامات پر برساتی نالوں پر تعمیرات اور تجاوزات قائم ہو چکی ہیں۔مسلم اتحاد کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف نالے کے راستہ بند ہورہا ہے اگر اس غیر قانونی تعمیراتی کام اور قبضہ کو روکا نہ گیا تو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ داری محکمہ ایرگیشن اور ضلعی انتظامیہ ہوگی۔

کیونکہ اگر بروقت کارروائی کی جاتی اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جاتا تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف کاغذی اقدامات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی طور پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلم اتحاد کالونی سمیت تمام کوئٹہ شہر میں تمام برساتی نالوں کی نشاندہی، سروے اور بحالی کو یقینی بنایا جائے، تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں اور مستقبل میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہ دی جائے۔

عوامی مفاد، شہری تحفظ اور ممکنہ سیلابی خطرات سے بچا کے لیے انتظامیہ کو اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور سنجیدگی سے ادا کرنی ہوں گی ورنہ مستقبل میں ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری بھی انہی اداروں پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں