کوئٹہ میں جشنِ آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم مقامات کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا

14

کوئٹہ میں پاکستان کےیومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر کی طرح جشنِ آزادی کی تیاریوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے، شہر کی اہم شاہراہوں، سرکاری و نجی عمارتوں اور اہم مقامات کو قومی پرچموں، سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں اور لائٹوں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے جبکہ یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی اور سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں زرغون روڈ، بلوچستان اسمبلی، بلوچستان ہائی کورٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن آفس، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ آفس، میونسپل کمیٹی، جناح روڈ، سرینا چوک، صوبائی اسمبلی روڈ، جی پی او چوک، میر جعفر خان جمالی روڈ، وزیراعلیٰ ہائوس اور گورنر ہائوس سمیت اہم سرکاری و عوامی مقامات کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی سٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، سبز و سفید رنگ کے لباس، ٹوپیاں، سٹیکرز اور دیگر قومی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔

شہری، بالخصوص بچے اور نوجوان، بڑی تعداد میں قومی پرچم اور جشنِ آزادی کی دیگر اشیا خرید رہے ہیں جس کے باعث بازاروں اور اہم شاہراہوں پر یومِ آزادی کا روایتی جوش و خروش نمایاں نظر آ رہا ہے۔دکانداروں کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر قومی پرچموں اور دیگر جشنِ آزادی کی اشیا کی خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ والدین اپنے بچوں کے لیے سبز و سفید لباس، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیا خرید رہے ہیں۔

یومِ آزادی کے موقع پر کوئٹہ پولیس کی جانب سے شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اہم سرکاری عمارتوں، حساس مقامات، شاہراہوں، بازاروں اور تقریبات کے مقامات پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ داخلی و خارجی راستوں، اہم چوکوں اور مختلف مقامات پر نگرانی اور چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق یومِ آزادی کی تقریبات کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گااور اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

اس موقع پر شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی صرف ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ پاکستان کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیوں، قومی اتحاد اور وطن سے محبت کے عہد کی تجدید کا موقع ہے۔ شہریوں نے کہا کہ وہ ہر سال 14 اگست کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں اور اس مرتبہ بھی جشنِ آزادی کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔شہریوں نے کہاکہ پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں، اس لیے یومِ آزادی ہمیں اپنے وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں