معیاری اور ٹیکنیکل تعلیم ہی قومی ترقی کا واحد راستہ ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

36

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اعلیٰ اور ٹیکنیکل تعلیم قوم کی بنیادی ضرورت ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے معیاری تعلیم، تحقیق اور جدید علوم سے استفادہ کرنا ہوگا، یہی راستہ قوم کی سیاسی، معاشی اور سماجی ترقی ممکن بنا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے زیر اہتمام دوسری عالمی کانفرنس برائے ایمرجنگ ٹرینڈز ان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ICETST 2026) کے اختتامی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی بچیاں اپنی ذہانت، صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کے ذریعے قوم کو درپیش مشکلات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، تاہم مناسب پالیسیوں اور فنڈنگ کی عدم موجودگی ان کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ بلوچستان انہوں نے تعلیمی بجٹ 4 فیصد سے بڑھا کر 26 فیصد کیا اور تین میڈیکل کالجز سمیت چھ یونیورسٹیاں قائم کیں۔ بلوچستان کے غریب گھرانوں کے نوجوانوں کا میرٹ پر یورپی جامعات سے اسکالرشپس حاصل کرنا ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور تحقیق و تخلیق پر توجہ دیں۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے کردار کے پیش نظر نوجوانوں کو بھی اس جدید ٹیکنالوجی کو سیکھنے اور بہتر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں